بچوں کیساتھ زیادتی و قتل کے موضوع فلم’پکار‘بنانے کا اعلان

اداکار طلعت حسین کا کہنا ہے کہ فلم پکار سماجی موضوع پر مبنی ہے جس کے ذریعے والدین کو آگاہی دی گئی ہے ایسے موضوع کو فن کی حد تک نہیں بلکہ بچوں کی تربیت کا اہم حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

ٹی وی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار طلعت حسین نے کراچی پریس کلب میں منعقدہ بچوں کے ساتھ زیادتی و قتل کے موضوع پر سائن انٹرٹینمنٹ کی فلم ”پکار“ کی پریس کانفرنس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس موضوع پر یہ فلم بنائی گئی ہے پہلے گناہ تصور کیا جاتا تھاہم ایسے جبر کرنے والوں کو جتنی زیادہ سزائیں دیں گے وہ بہتر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے اچھا لگا کہ آج کے دور حاضر میں ہونے والے واقعات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے پکار جیسی فلم سے نئی آنے والی نسل کو آگاہی دی جائے گی تاکہ اس فلم سے معاشرے کے لوگوں کو سبق حاصل ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم چھوٹی چھوٹی چیزیں نہیں سوچتے ہمیں ان پر غور کرنے کی ضرورت ہے اور اپنے ارد گرد ہر ایک بچے کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے۔

سینئر اداکار جاوید شیخ نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سائن انٹرٹینمنٹ نے اس موضوع پر مبنی شارٹ فلم ”پکار“ بناکر جو کام کیاہے وہ قابل تعریف ہے،میں خود اس فلم کا حصہ ہوں جس میں والدین کو آگاہی اسی لیے دی گئی ہے کہ آنے والے دور کے حساب سے اولاد کی پرورش مزید بہتر کیسے کی جاسکے،حکومت کو ایسی فلم بنانے والوں کو سپورٹ کرنا چاہئے۔

پروڈیوسر کائنات سید نے کہاکہ فلم بنانے کا مقصد والدین کو آگاہی دینا ہے، ہمار ا مقصد بزنس نہیں عوام میں شعور بیدار کرنا ہے۔

ہدایتکار سید عظیم احمدنے کہاکہ حساس موضوع پر فلم بنانا اپنے حصے کا کام کرنا ہے، یہ ایک ایسا موضوع ہے جس پر کام کرنے پر کئی مراحل سے گزرنا پڑا ہے۔

یاد رہے کہ سید عظیم احمد کی ہدایت کاری میں بنے والی کہانی ”پکار“ کے مصنف علی معین ہیں،فلم کی پروڈیوسر کائنات سید ہیں جبکہ کاسٹ میں جاوید شیخ ، حسن احمد، علیزے رسول،چائلڈ اسٹار ایمان، محسن، ثانیہ مرزا ودیگر شامل ہیں۔

Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *